ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت
اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے دارالحسان کالونی کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت فیلڈ میں کام کرنے والی صفائی ٹیموں کی کارکردگی اور ورکنگ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے امور کی انجام دہی کے لیے محنت، ذمہ داری اور جانفشانی سے کام کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے صفائی عملے کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ گلی محلوں، سڑکوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور کوڑا کرکٹ کو مقررہ اوقات میں جمع کرکے مناسب طریقے سے تلف کیا جائے تاکہ شہری علاقوں میں صفائی کا معیار برقرار رہے اور لوگوں کو گندگی اور آلودگی سے محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ عملے کو مزید ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ کی بروقت کلیکشن، ڈمپنگ پوائنٹس کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ صفائی کے تمام امور کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی علاقے میں صفائی کے حوالے سے شکایات پیدا نہ ہوں۔
محمد اکرام ملک کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ عملے کو اپنی ذمہ داریاں پوری محنت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔