اوکاڑہ میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیاں، 7 صنعتی یونٹس کو نوٹسز جاری

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر انسداد سموگ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے محکمہ ماحولیات اوکاڑہ کا اینٹوں کے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے دو اینٹوں کے بھٹے مسمار کر دیے گئے، جبکہ تین صنعتی یونٹس کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سات صنعتی یونٹس کو خلاف ورزیوں پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد جہاں تاب اختر کی زیر نگرانی محکمہ ماحولیات کی ٹیمیں انسداد سموگ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے دو اینٹوں کے بھٹے مسمار کر دیے، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر تین صنعتی یونٹس کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

کارروائی کے دوران مزید سات صنعتی یونٹس کو خلاف ورزیوں پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے حکومتی ہدایات اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد جہاں تاب اختر نے کہا کہ انسداد سموگ پالیسی کی خلاف ورزی اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ تمام بھٹہ مالکان اور صنعتی یونٹس کو حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے