ضلع اوکاڑہ کے نمایاں طلباء اور اساتذہ میں انعامات تقسیم

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول اوکاڑہ میں ساہیوال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت ضلع اوکاڑہ کے پوزیشن ہولڈرز اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی۔ تقریب میں آمد پر طالبات نے بینڈ باجے کی دُھنوں پر پوزیشن ہولڈرز کو سلامی پیش کی اور ان کا شاندار استقبال کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک تھے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر سیاسی رہنما چودھری فیاض ظفر، سی ای او ایجوکیشن اوکاڑہ محمد یوسف اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری جمیل احمد رضوی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے ڈی ای اوز، میل و فی میل ڈپٹی ڈی اوز، ہیڈ پرنسپلز، اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات اور علاقے کی معزز شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کے دوران ساہیوال بورڈ کے امتحانات میں ضلع اوکاڑہ کا نام روشن کرنے والے نمایاں طلباء و طالبات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے طلبہ کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت، لگن اور بہترین تعلیمی قیادت ہی اصل کامیابی کی بنیاد ہے، اور طلبہ کو مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے مسلسل محنت کی تلقین کی گئی۔

علاوہ ازیں، ضلع اوکاڑہ کے شاندار تعلیمی نتائج اور بہترین انتظامی کارکردگی پر سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف، ڈی ای او سیکنڈری جمیل احمد رضوی، مختلف سکولوں کے پرنسپلز اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کرام کو بھی خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔ یہ تقریب طلبہ، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کی مشترکہ کاوشوں کا اعتراف اور تعلیمی میدان میں ضلع اوکاڑہ کی پیش رفت کا مظہر ثابت ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے