پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، خراب اور بدبودار گوشت کی بھاری کھیپ پکڑی گئی

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی اوکاڑہ نے غیر قانونی ذبح خانوں اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شیخ بستی اوکاڑہ میں ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مار کر 18 من سے زائد بدبودار اور خراب گوشت تلف کر دیا، جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی عبد العظیم کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے شیخ بستی اوکاڑہ میں قائم ایک غیر قانونی ذبح خانے پر کارروائی کی۔ معائنے کے دوران بڑی مقدار میں گوشت انتہائی خراب، بدبودار اور انسانی صحت کے لیے خطرناک حالت میں پایا گیا۔

ویٹرنری ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والا گوشت ناقابل استعمال تھا، جبکہ اسے فنگس لگے اور آلودہ فریزرز میں ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی حکام نے موقع پر موجود 18 من سے زائد مضر صحت گوشت تلف کر دیا تاکہ اسے مارکیٹ میں فروخت ہونے سے روکا جا سکے۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ مضر صحت گوشت مختلف ہوٹلوں اور میٹ شاپس کو سپلائی کیا جا رہا تھا، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ کارروائی کے دوران قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ شہری خوراک سے متعلق کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مشکوک کاروبار کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دے سکتے ہیں۔

"مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے