بیجنگ: ایران تنازع کا حل سب کے مفاد میں ہے، چینی وزارت خارجہ کا مذاکرات پر زور

بیجنگ (کیو این این ورلڈ) چین کی وزارت خارجہ نے ایران کی موجودہ صورتحال پر اپنا دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کا کوئی جواز نہیں اور اسے شروع ہی نہیں ہونا چاہیے تھا۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں ہے، اس لیے تمام بحری راستوں کو فوری طور پر کھولا جانا چاہیے تاکہ عالمی تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق ایران تنازع کا پرامن حل نکالنا امریکہ، ایران اور پورے خطے کے ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ بیجنگ حکومت نے زور دیا ہے کہ عالمی برادری کے مطالبے پر بحری راستے کھولے جائیں اور فریقین کے درمیان مذاکرات اور رابطے کے چینلز دوبارہ بحال کیے جائیں تاکہ ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی ممکن ہو سکے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات میں متعدد اہم معاملات پر اتفاقِ رائے ہوا ہے۔ چین نے ہمیشہ مکالمے اور سفارتی عمل کی حمایت کی ہے اور اس کا ماننا ہے کہ فوجی حل کے بجائے میز پر بیٹھ کر مسائل حل کرنا ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ کے انتہائی محفوظ کمپلیکس ‘ژونگ نان ہائی’ میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور عالمی میڈیا کی توجہ ان مذاکرات کے نتائج پر مرکوز ہے، جن سے خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی امید وابستہ کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے