لاہور/کوئٹہ (کیو این این ورلڈ)پنجاب حکومت نے صوبے میں کاروباری و تجارتی مراکز کے نئے اوقات کار جاری کر دیے ہیں جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام گرمیوں کے دوران دن کے دورانیے میں اضافے اور درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، بازار، شاپنگ مالز، ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور کریانہ شاپس رات 9 بجے بند کیے جائیں گے۔ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
اسی طرح ریسٹورنٹس، کیفے، سنیما ہالز، فوڈ آؤٹ لیٹس اور پھل و سبزی کی دکانیں رات 11 بجے تک کام کر سکیں گی، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس اور اسپتال معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔ بیکریوں، تندوروں، دودھ و ڈیری شاپس، پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز بھی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ جم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی ان اوقات کار سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں کاروباری و تجارتی مراکز کے اوقات کار سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
بلوچستان محکمہ داخلہ کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے جبکہ شادی ہالز اور مارکیز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ ریسٹورنٹس، کیفے، سبزی و فروٹ شاپس رات 11 بجے بند ہوں گی۔
بلوچستان حکومت کے مطابق میڈیکل اسٹورز، اسپتال، لیبارٹریز، سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپس کو بھی اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔