ننکانہ صاحب: ڈاکو اور چور سرگرم، شہری عدم تحفظ کا شکار

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف احسان اللہ ایاز ) ننکانہ صاحب اور گردونواح میں ڈکیتی اور چوری کی پے در پے وارداتوں نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ مختلف علاقوں میں مسلح ڈاکوؤں اور نامعلوم چوروں نے شہریوں کو نقدی، موبائل فونز، موٹر سائیکلوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہکوٹ کے رہائشی مزمل حسین جڑانوالہ سے گھر واپس آ رہے تھے کہ تھانہ صدر شاہکوٹ کے علاقے کوٹ نظام دین سٹاپ کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک لیا اور 18 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

تھانہ منڈی فیض آباد کے علاقے کریشیاں والا روڈ پر مرزاپور کے قریب چار مسلح ڈاکوؤں نے جڑانوالہ کے رہائشی افتخار کو گن پوائنٹ پر روک کر 20 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا، جبکہ مزاحمت یا واردات کے دوران اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

اسی تھانہ کی حدود میں بھٹہ چوک منڈی فیض آباد میں نامعلوم چور المدینہ فرٹیلائزر کے مالک زاہد جاوید کی دکان کے تالے توڑ کر کیش بکس سے 2 لاکھ 32 ہزار روپے نقدی اور 15 لاکھ روپے مالیت کا چیک لے گئے۔

مزید برآں کھولے کوٹ امین روڈ پر باغ میں چھپے تین مسلح افراد نے عباس بھٹی کو روک کر اس سے 7 سے 8 ہزار روپے نقدی اور موٹر سائیکل چھین لی۔

تھانہ مانگٹانوالہ کے علاقے ببر والا میں دربار رائے احمد علی پر سوئے ہوئے سلیم علی کے پرس سے نامعلوم چور 20 ہزار روپے نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل کے کاغذات چوری کرکے لے گئے۔ اسی تھانے کے علاقے رتی ٹبی میں گورنمنٹ پرائمری سکول سے نامعلوم چور چار پنکھے بھی اتار کر لے گئے۔

تھانہ صدر سانگلہ ہل کے علاقے روڑی والا میں نامعلوم چور عرفان علی کے زرعی رقبے سے تقریباً ایک لاکھ روپے مالیت کی ٹرانسفارمر کوائل اور بجلی کی تار چوری کر کے فرار ہو گئے۔

تھانہ بڑا گھر کے علاقے کوٹ نامدار میں رائے فضل عباس کے زرعی رقبے میں نصب ٹیوب ویل سے نامعلوم چور سٹارٹر اور 90 گز تانبے کی تار لے گئے۔

دوسری جانب تھانہ واربرٹن کے علاقے سبحان پورہ میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مانانوالہ کے رہائشی اسد مسیح کی گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل نمبر SAK-2395 نامعلوم چور لے اڑے۔

پے در پے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کے باعث شہریوں میں خوف اور عدم تحفظ کی فضا پائی جا رہی ہے۔ متاثرہ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پایا جائے۔ پولیس نے مختلف واقعات کے مقدمات درج کرکے تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے