ننکانہ صاحب میں پنک کارٹ مارکیٹ کا آغاز، خواتین کو مفت کاروباری اسٹالز فراہم

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف احسان اللہ ایاز) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب نے ڈپٹی کمشنر رعنا حمید اور اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ندا اقبال کے ہمراہ علامہ اقبال پارک کے قریب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ پنک کارٹ مارکیٹ کا دورہ کیا اور خواتین کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مارکیٹ میں اسٹالز لگانے والی خواتین سے ملاقات بھی کی اور ان کے تیار کردہ سامان کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر خواتین کو باعزت روزگار اور معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پنک کارٹ مارکیٹ کا قیام ایک بہترین اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سی خواتین گھروں میں کھانے پینے کی اشیا، دستکاری، سلائی، کڑھائی اور دیگر ہینڈ میڈ مصنوعات تیار کرتی ہیں، لیکن انہیں اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم میسر نہیں ہوتا۔ پنک کارٹ مارکیٹ کے ذریعے ایسی خواتین اپنے ہنر کو متعارف کرانے کے ساتھ خاندان کے اخراجات میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں گی۔

وزیر مملکت نے ڈپٹی کمشنر رعنا حمید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین میں آگاہی پیدا کرنے اور انہیں اس منصوبے میں شامل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں مذہبی و ثقافتی تقریبات اور میلوں کے انعقاد سے بھی خواتین کو اپنی مصنوعات کی تشہیر اور فروخت کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے بتایا کہ پنک کارٹ مارکیٹ شہر کی ایک اہم اور موزوں جگہ پر قائم کی گئی ہے، جہاں خواتین کو کاروبار کے لیے مفت اسٹالز اور جگہ فراہم کی جا رہی ہے۔ خواتین کی سہولت، تحفظ اور آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں گھریلو تیار کردہ اشیائے خورونوش، دیسی گھی، اچار، ہینڈی کرافٹس، سلائی، کڑھائی، نٹنگ، فیشن و ایکسیسریز اور ہوم ڈیکور سمیت مختلف مصنوعات فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ندا اقبال نے بتایا کہ پنک کارٹ مارکیٹ میں اسٹالز کے حصول کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان اور بالکل مفت رکھا گیا ہے۔ خواہشمند خواتین ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ آفیشل واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کرکے اپنی رجسٹریشن کروا سکتی ہیں۔

مارکیٹ میں اسٹالز لگانے والی خواتین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کے لیے مستقل اور مفت پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے، جس سے باعزت روزگار اور معاشی خودمختاری کے مواقع میسر آئیں گے۔ خواتین نے اس سہولت کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے