ننکانہ صاحب میں سپورٹس گالا کا انعقاد، کمسن روبوٹ میکر بہنوں کی خصوصی شرکت

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف احسان اللہ ایاز) نیو ڈائریکشنز اسکول آف اے آئی اینڈ روبوٹکس ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام سالانہ سپورٹس گالا کی رنگا رنگ اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی کمسن ترین ہیومنائڈ روبوٹ میکرز اور اسٹیم (STEM) ٹرینرز مریم فاطمہ اور ماہ نور فاطمہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مہمانان خصوصی نے فیتہ کاٹ کر سپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

تقریب میں اسکول کے طلبہ نے مختلف کھیلوں اور سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ بچوں نے بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے خوب داد وصول کی۔ کھیلوں کے مقابلوں کے دوران طلبہ کا جوش و خروش قابل دید تھا، جبکہ اساتذہ اور والدین نے بھی بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

تقریب کے میزبان اور اسکول کے ڈائریکٹر محمد نوید چوہدری نے مہمانان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے خوبصورت گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر مریم فاطمہ اور ماہ نور فاطمہ کی موجودگی طلبہ کے لیے خصوصی دلچسپی اور حوصلہ افزائی کا باعث بنی۔

تقریب کے اختتام پر اسکول کی پرنسپل مصباح چوہدری کی جانب سے مریم فاطمہ اور ماہ نور فاطمہ کو ان کی نمایاں تدریسی و تکنیکی خدمات اور سپورٹس گالا میں شرکت پر اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر محمد نوید چوہدری اور پرنسپل مصباح چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو ڈائریکشنز اسکول آف اے آئی اینڈ روبوٹکس میں بچوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ طلبہ کی تعلیمی و تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کو بھی یکساں اہمیت دیتا ہے، اسی مقصد کے تحت سالانہ سپورٹس گالا کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم فاطمہ اور ماہ نور فاطمہ جیسی کم عمر اور باصلاحیت شخصیات کی تقریب میں شرکت سے طلبہ کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور روبوٹکس کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب ملی ہے۔ ایسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہیں اور ان کی کامیابیاں بچوں میں تخلیقی سوچ اور سیکھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر اساتذہ، والدین اور طلبہ نے سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے مہمانان خصوصی کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے