میرپورخاص( کیو این این ورلڈ/سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص میں ایم کیو ایم پاکستان کے بانی چیئرمین شہید عظیم احمد طارق کی 33ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفس میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا جس میں مرحوم کے درجات کی بلندی، لواحقین کے صبر، اور ملک و تحریک کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی، انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی سلیم رزاق، رکن ایس ٹی سی شفیق احمد، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان اور سلیم میمن سمیت ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ یوسیز، شعبہ جات کے ذمہ داران، کارکنان، خواتین ونگ اور دیگر تنظیمی عہدیداران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب کے دوران رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے شہید عظیم احمد طارق کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ شہید عظیم احمد طارق نے غریب اور مظلوم طبقے کی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا اور اپنے نظریے کی حفاظت کے لیے سخت حالات، قید و بند اور مشکلات کے باوجود استقامت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید کی قربانی اور جدوجہد حق پرستی کی سیاست کے لیے مشعل راہ ہے اور ان کا نام پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ایم کیو ایم کارکنان اپنے رہنما کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر شہداء کی بلندی درجات، تحریک کے خلاف سازشوں کے خاتمے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔