منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ / جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی) منڈی بہاؤالدین میں نئے لاری اڈے کی تعمیر میں مسلسل تاخیر کے باعث پرانے جنرل بس اسٹینڈ پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرانے لاری اڈے پر بنیادی سہولیات بالکل ختم ہو چکی ہیں۔ پینے کا صاف پانی نایاب ہو گیا ہے جس کے باعث مسافر انتہائی مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ انتظار گاہیں خستہ حال ہیں اور دیگر ضروری سہولیات کا بھی شدید فقدان ہے۔
شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ نئے اڈے کے فعال ہونے تک پرانے لاری اڈے پر مسافروں کے لیے عارضی انتظار گاہ قائم کی جائے اور پینے کے صاف و ٹھنڈے پانی کا فوری بندوبست کیا جائے۔
مقامی شہریوں کا موقف ہے کہ عوام کو درپیش ان مشکلات میں جلد از جلد کمی لائی جائے تاکہ مسافروں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ نئے لاری اڈے کی تعمیر کا کام تیز کیا جائے تاکہ مستقل حل نکل سکے۔