گوجرانوالہ: شہید سپوت کے والد نے آستانے پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کیا

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ۔بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی )وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے جان نثار کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسر کیپٹن ابوذر فاروق شہید وڑائچ نوشاہی کے والد حاجی فاروق احمد وڑائچ نوشاہی نے اپنے شیخِ طریقت الحاج سائیں حبیب الرحمن قادری نوشاہی کے آستانۂ عالیہ پر حاضری دی۔

اس موقع پر عقیدت و احترام کے ساتھ شہید کی پاکستان کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ حاضری کے موقع پر صاحبزادہ فیض رسول خان نوشاہی، حاجی افضل وڑائچ نوشاہی، محمد اکرم وڑائچ نوشاہی، مرزا بابر بیگ نوشاہی، ملک سلیم اعوان اور محمد اجمل بٹ سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

الحاج سائیں حبیب الرحمن قادری نوشاہی نے کیپٹن ابوذر فاروق شہید کی قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کی حفاظت اور بقا کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے ایثار، وفاداری اور وطن سے محبت کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے حاجی فاروق احمد وڑائچ نوشاہی کے حوصلے اور صبر کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایک والد کے لیے اپنے لختِ جگر کی جدائی عظیم آزمائش ہے، تاہم شہید بیٹے کی وطن کے لیے قربانی یقیناً قابلِ فخر اعزاز بھی ہے۔

بعد ازاں الحاج سائیں حبیب الرحمن قادری نوشاہی، حاجی فاروق احمد وڑائچ نوشاہی اور دیگر شرکاء نے کیپٹن ابوذر فاروق شہید کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور وطنِ عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔

یاد رہے کہ کیپٹن ابوذر فاروق شہید جس کی عمر 23 سال، ضلع گوجرانوالہ/راہوالی کے رہائشی تھے، 20 ستمبر 2026 کو خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور دہشت گردوں (فتنۃ الخوارج) کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران شہید ہوئے تھے۔ وہ اپنے دستے کی قیادت فرنٹ سے کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ اس کارروائی میں لیفٹیننٹ شیراز بابر اور چار دیگر جوان بھی شہید ہوئے جبکہ آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ شہید کی نمازِ جنازہ فوجی اعزازات کے ساتھ راہوالی میں ادا کی گئی تھی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

کیپٹن ابوذر فاروق شہید کی قربانی نے ایک بار پھر یہ پیغام تازہ کر دیا کہ وطن کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والے سپوت قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور وطنِ عزیز کو ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے