لنڈی کوتل: خوشی کی تقریب قانون شکنی میں بدل گئی، دولہا حوالات پہنچ گیا

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) خیبر پولیس نے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والے دولہا کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق لنڈی کوتل کے علاقے خوگہ خیل اشرف خیل میں شادی کی ایک تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ ایس ایچ او لنڈی کوتل عشرت شینواری کی ہدایت پر پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر دولہا ثاقب خان کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں اور قانون شکنی میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اس موقع پر ایس ایچ او عشرت شینواری نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی ہدایات کے مطابق ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوشی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف ایک سنگین قانونی جرم ہے بلکہ اس سے معصوم شہریوں کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی جاری رکھی جائے گی۔

کیو این این ورلڈ — مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے