وسطی کرم کے عمائدین کا تعلیمی سہولیات کی فراہمی، ہاسٹل اور کمپیوٹر لیب کے قیام پر زور

خیبر (کیو این این ورلڈ/بیورو رپورٹ) ضلع کرم کے علاقے وسطی کرم میں عمائدین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زیمشت میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول مناتو کو اپ گریڈ کیا جائے، جبکہ گرلز ہائی سکول میں تدریسی عملے کی کمی دور کرکے اساتذہ فراہم کیے جائیں تاکہ علاقے کے طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے حصول میں درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔

وسطی کرم میں عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما رفیع اللہ چمکنی اور دیگر عمائدین نے کہا کہ گورنمنٹ ہائی سکول مناتو دور دراز علاقوں کے طلبہ کے لیے اہم تعلیمی ادارہ ہے۔ اس سکول کو اپ گریڈ کرنے سے علاقے کے بچوں کو مزید تعلیمی سہولیات میسر آسکیں گی اور انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے درپیش مشکلات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

جرگے کے شرکاء نے گرلز ہائی سکول میں تدریسی عملے کی فراہمی پر بھی زور دیا اور کہا کہ طالبات کی تعلیم کے تسلسل کے لیے ضروری ہے کہ سکول میں مطلوبہ عملہ تعینات کیا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری رہ سکیں۔

عمائدین نے سکول کے طلبہ اور عملے کے لیے ہاسٹل کی منظوری دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ اور تعلیمی عملے کو سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔

اس کے علاوہ جرگے میں گورنمنٹ ہائی سکول مناتو کی چاردیواری کی تعمیر، کمپیوٹر لیب کے قیام، کھیل کے میدان کی فراہمی اور دیگر بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔

رفیع اللہ چمکنی اور دیگر عمائدین نے گورنر خیبر پختونخوا، ڈپٹی کمشنر کرم اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ علاقے کے تعلیمی مسائل کا نوٹس لیں اور سکولوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی، عملے کی تعیناتی اور تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔

عمائدین نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام ان مطالبات پر توجہ دیتے ہوئے وسطی کرم میں طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے