کراچی (کیو این این ورلڈ) نامور عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے جید عالم دین اور سابق رکن اسمبلی جے یو آئی مولانا ادریس ترنگ زئی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ مولانا ادریس کو شہید کرنے والے نہ تو مسلمان کہلانے کے مستحق ہیں اور نہ ہی انسان کہلانے کے لائق۔ انہوں نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولانا ادریس کی شہادت سے ملک و ملت ایک عظیم علمی و دینی سرمایہ سے محروم ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کی صبح چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں نامعلوم مسلح افراد نے جید عالم دین اور سابق رکن اسمبلی جے یو آئی شیخ محمد ادریس کو نشانہ بنایا تھا۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے گھر سے مدرسے کی جانب جا رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق گاڑی میں مولانا ادریس کے ساتھ دو پولیس اہلکار اور ڈرائیور بھی موجود تھے۔ ملزمان نے گاڑی پر پیچھے سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مولانا ادریس شہید جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ مولانا ادریس کی شہادت پر مختلف حلقوں کی جانب سے افسوس اور مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔