خیبرپختونخوا پولیس کے الاؤنس میں اضافے کا مجوزہ پیکج، حساس علاقوں کے اہلکاروں کو ترجیح دینے کی ہدایت

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں کے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس میں اضافے کے لیے مجوزہ پیکج کی تیاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حساس اور سیکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو خصوصی ترجیح دی جائے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پولیس کے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیرِ خزانہ طارق محمود پاشا، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، سیکرٹری خزانہ ایاز خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر کو پولیس پیکج میں اضافے کی مختلف تجاویز اور اس پر آنے والے سالانہ مالی اخراجات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر صوبوں کی پولیس کی تنخواہوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے مجوزہ پیکج کی تیاری جلد مکمل کی جائے اور اس میں ان اہلکاروں کو خصوصی اہمیت دی جائے جو سیکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ اور حساس علاقوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو درپیش مسائل کے حل اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

گورنر نے پولیس شہداء کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام سے متعلق پیشرفت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے