پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے اور گولڈ مائننگ کی تمام لیزز معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے وسائل پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی آمدنی پاکستان مخالف سرگرمیوں اور دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی تھی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کی مشینری ضبط کر لی جائے گی اور غیر قانونی مائننگ میں ملوث یا اس کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیر برائے معدنیات ڈاکٹر سرفراز علی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان اور انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کے ہمراہ کوہاٹ واقعے اور غیر قانونی مائننگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد مختلف معاملات پر عملی اقدامات اور کارروائیاں جاری ہیں۔ ماضی میں صوبے کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنے اور گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ امن کا قیام اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے کے وسائل کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2026 میں دنیا بھر سے وفود نے شرکت کی، جبکہ تمام صوبوں کی نمائندگی بھی موجود تھی۔ فورم کے کامیاب انعقاد پر فیلڈ مارشل اور وزیراعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور صوبے کے مفاد میں بہترین معاہدے کرنے کی بھرپور کوشش ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 سال سے صوبے کے وسائل کو لوٹا جاتا رہا ہے اور مائنز اینڈ منرلز کے معاملے پر بعض عناصر بلاوجہ واویلا کر رہے ہیں، حالانکہ صوبے کے وسائل کہیں منتقل نہیں کیے جا رہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صوبے نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور شکست ہمارے لغت میں نہیں۔ صوبے میں احتساب اور جوابدہی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے گا اور عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کوہاٹ واقعے کے حوالے سے گورنر نے بتایا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے بعد فتنۃ الخوارج نے حملہ کیا، جس میں 10 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ ان کے مطابق کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے 18 دہشتگرد بھی ہلاک کیے گئے۔ گورنر نے کہا کہ شہادتوں کا سلسلہ اب رکنا چاہیے اور مزید اس صورتحال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
گورنر نے اعلان کیا کہ شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے خصوصی ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے، جس میں مختلف متعلقہ اداروں کے اہلکار شامل ہوں گے۔ یہ ٹاسک فورس تین ہفتوں کے اندر مائننگ کے لیے مستقل نظام وضع کرے گی تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور معدنی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ کوہاٹ میں 4 ارب 29 کروڑ روپے مالیت کی غیر قانونی مائننگ کی جا رہی تھی، جس سے حاصل ہونے والی رقم افغانستان منتقل کی جا رہی تھی اور اسے پاکستان مخالف سرگرمیوں اور دہشتگردی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق ہر ماہ تقریباً 90 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر نکالا جا رہا تھا، جبکہ اس سرگرمی کے لیے ایک یوتھ کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی جو بھتہ وصول کرتی تھی۔ گورنر نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی رقم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف استعمال ہو رہی تھی۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ ماضی کی صوبائی حکومت اور طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ تھا، جبکہ غیر قانونی مائننگ کی پشت پناہی کرنے والوں میں 12 سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں۔ ان میں معزول وزیراعلیٰ کے بھائی نوید آفریدی کا نام بھی شامل ہے۔ گورنر نے وضاحت کی کہ ان 12 افراد میں سے کسی کا نام تاحال ایف آئی آر میں شامل نہیں کیا گیا بلکہ ان کے نام تحقیقاتی رپورٹ میں درج ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے صوبے ننگرہار سے تعلق رکھنے والے ایک دہشتگرد گروپ کے افراد بھی اس معاملے میں ملوث ہیں۔
گورنر نے کہا کہ سونے کی کان کنی سے متعلق تمام لیزز معطل کی جا رہی ہیں اور آج کے بعد کسی کو بھی گولڈ مائننگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کی تمام مشینری ضبط کر لی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ غیر قانونی مائننگ اور اس کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے کردار کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا، جس کی سربراہی ہائیکورٹ کے سابق ریٹائرڈ جج کریں گے۔
گورنر نے کہا کہ صوبے کے معدنی وسائل کو شفاف نظام کے تحت بروئے کار لایا جائے گا تاکہ ان سے حاصل ہونے والے فوائد عوام تک پہنچ سکیں اور صوبے میں ترقی، روزگار اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں۔