ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف احسان اللہ ایاز، بیورو چیف)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں ادویات کی فراہمی، پینے کے صاف پانی اور دیگر طبی سہولیات کی ناقص صورتحال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین نے انتظامی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب کی فارمیسی کے باہر ادویات کے حصول کے لیے بیمار اور بزرگ مرد و خواتین کی طویل قطاریں لگی رہتی ہیں۔ مریضوں کو کافی دیر انتظار کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث پہلے سے بیمار افراد کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاج معالجے کے لیے ہسپتال آنے والے مریضوں کو ادویات کے حصول میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں، جو ان کے لیے باعثِ اذیت ہیں۔
مریضوں اور عوامی حلقوں کے مطابق محکمہ صحت ننکانہ صاحب کو درپیش مسائل ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کی صورتحال میں بہتری نہ آنے کے باعث تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ شہریوں کا سوال ہے کہ آخر مریضوں کی شکایات کا ازالہ کون کرے گا اور ہسپتال میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کب یقینی بنائی جائے گی؟
دوسری جانب ہسپتال میں عوام کے پینے کے پانی کے لیے نصب کیے گئے واٹر فلٹر پلانٹس کی صورتحال بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ فلٹر پلانٹس سے حاصل ہونے والے پانی میں بدبو محسوس ہوتی ہے، جبکہ یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کے فلٹرز مقررہ وقت پر تبدیل کیے جاتے ہیں یا نہیں۔ ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے صاف پانی کی دستیابی بھی ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریض پہلے ہی بیماری اور مالی مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، ایسے میں اگر انہیں ادویات اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہ ہوں تو ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی فارمیسی، واٹر فلٹر پلانٹس، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے۔ ادویات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، پانی کے فلٹرز کی باقاعدہ تبدیلی اور صفائی یقینی بنائی جائے اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں موجود مسائل کا جائزہ لے کر عملی اقدامات کیے جائیں۔
عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام فوری توجہ دے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب میں طبی سہولیات کی بہتری یقینی بنائیں گے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے دوران مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔