جھالاوان سمر فیسٹیول، خواتین کو شاندار انتظامات پر تعریفی اسناد سے نواز دیا گیا

خضدار(کیو این این ورلڈ/حبیب غلامانی کی رپورٹ) خضدار میں جاری دو روزہ جھالاوان سمر فیسٹیول میں خواتین کی جانب سے لگائے گئے روایتی اور ثقافتی اسٹالز نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کرلی جبکہ شاندار کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر خضدار نے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق مس زیب النساء، سٹی اسکول خضدار، فیض بی بی بازیگری اسکول خضدار اور روبینہ کریم شاہوانی نے اپنے منفرد اور خوبصورت اسٹالز کے ذریعے فیسٹیول کی رونق دوبالا کر دی۔ خواتین کی جانب سے روایتی علاقائی لذیذ کھانوں کے ساتھ قدیم اوطاق، گدان اور دیگر ثقافتی اشیاء کے دلکش اسٹالز سجائے گئے جنہوں نے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کیے رکھا۔

رنگارنگ اور خوشبو دار اسٹالز کی وجہ سے فیسٹیول میں نہ صرف خوبصورت ماحول پیدا ہوا بلکہ لوگوں کی بڑی تعداد نے ان اسٹالز کا رخ کیا۔ روبینہ کریم شاہوانی کی جانب سے کیے گئے بہتر اور ذمہ دارانہ انتظامات کو بھی شرکاء نے بے حد سراہا۔

شاندار کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عابد حسین بلوچ اور ایگزیکٹو آفیسر پی ایچ ای خضدار انجینئر عبدالرؤف قمبرانی نے تینوں خواتین کو تعریفی اسناد پیش کیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے خواتین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، بہترین مینجمنٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کی بدولت فیسٹیول میں دوگنی رونق آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین مقامی ثقافت اور روایات کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان خواتین نے ثابت کر دیا ہے کہ جب خواتین آگے بڑھ کر کردار ادا کرتی ہیں تو ہر پروگرام کامیابی کی نئی مثال قائم کرتا ہے۔ ان کی کاوشوں نے نہ صرف فیسٹیول کو یادگار بنایا بلکہ مقامی ثقافت کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے