گوجرانوالہ(کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم نے گوجرانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے تھانہ ایمن آباد کی نئی بلڈنگ اور آر پی او آفس میں قائم پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کیا جبکہ پولیس اجلاسِ عام سے بھی خطاب کیا۔
آئی جی پنجاب کے پولیس لائنز گوجرانوالہ پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی جی پنجاب نے پولیس اجلاسِ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسران کو بہتر رویے، میرٹ پر عملدرآمد اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں آئی جی پنجاب نے سیف سٹی گوجرانوالہ کا دورہ کیا جہاں سی ایم وائی فائی اور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی ورکنگ کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے سی سی ڈی ہیڈکوارٹر اور ڈولفن ہیڈکوارٹر گوجرانوالہ کا بھی معائنہ کیا۔
آر پی او آفس گوجرانوالہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں آر پی او گوجرانوالہ و گجرات ریجن خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے امن و امان اور جرائم کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 2026 کے پہلے کوارٹر کے دوران راہزنی کے 765 مقدمات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے آر پی او آفس میں پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کا تقاضا ہے کہ سروس ڈلیوری اور امن و امان کے قیام میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور “کرائم فری پنجاب” کے ویژن کو عملی حقیقت بنایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں جرائم پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ نو گو ایریاز کا خاتمہ بھی ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے کچے کے علاقوں میں اسکول و کالجز کی تعمیر کے ساتھ پولیس انفراسٹرکچر میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک نظام میں بہتری، شہریوں میں آگاہی اور ہیلمٹ کے استعمال میں اضافہ خوش آئند امر ہے۔ مؤثر حکمت عملی، جدید پولیسنگ اور ٹیم ورک کے باعث گوجرانوالہ ریجن میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔
دورے کے بعد آئی جی پنجاب نے گجرات میں شہید کانسٹیبل فیاض حسین اور ٹانڈہ کے علاقے سگھر میں شہید کانسٹیبل عمر آفتاب کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دے گی۔
آئی جی پنجاب نے دورے کے اختتام پر افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، فوری انصاف کی فراہمی اور میرٹ پر مبنی کارروائیاں ہر صورت یقینی بنائی جائیں تاکہ پنجاب پولیس پر عوامی اعتماد مزید مستحکم ہو سکے۔
