قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو) ضلع قصور کے نواحی گاؤں قیصر گھر میں زہریلا پانی پینے کے باعث متعدد جانور متاثر ہو گئے جبکہ 6 جانور ہلاک ہو گئے ہیں، جس کے بعد علاقے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ریسکیو 1122 سمیت محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقامی کسانوں کی جانب سے مکئی کی فصل کو پانی لگایا گیا تھا جس کے بعد نکاسی آب کا کیمیکل ملا پانی قریبی کھالے میں جمع ہو گیا، جہاں موجود تقریباً 100 جانوروں نے یہ پانی پی لیا جس کے نتیجے میں اچانک ان کی حالت غیر ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے 6 جانور تڑپ کر ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد جانور مختلف نوعیت کی جسمانی پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی تین گاڑیاں انسڈنٹ کمانڈر امانت کی سربراہی میں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے متاثرہ علاقے کو محفوظ بنایا اور محکمہ لائیو سٹاک کے حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ جانوروں کا معائنہ اور علاج معالجہ شروع کر دیا ہے جبکہ ہلاک ہونے والے جانوروں کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوانے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ ہلاکتوں کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں اور مویشی پال حضرات نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور پانی میں زہریلے مادے کی موجودگی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ حکومت سے بھاری مالی نقصان کا شکار ہونے والے غریب کسانوں کی فوری داد رسی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔