صحافی عظیم سیال شکارپور سے بازیاب، اغوا میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری): گھوٹکی سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے کے ٹی این نیوز کے سینئر رپورٹر اور صحافی عظیم سیال کو پولیس نے کارروائی کے دوران ضلع شکارپور کی حدود سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کیتھران کے مطابق صحافی عظیم سیال کو پولیس کارروائی کے دوران شکارپور کے علاقے سے بازیاب کرایا گیا۔ ان کی بازیابی کے بعد واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق اغوا کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عظیم سیال کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر سرچ اور ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں انہیں بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔

عظیم سیال کی بازیابی کی خبر سامنے آنے کے بعد صحافتی برادری اور شہریوں میں اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ صحافتی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے