دشمن کی ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر، ایرانی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار: ترجمان وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر چوکس اور ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج دشمن کی ہر نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ملک کے حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق ایرانی مسلح افواج ساحلی علاقوں، سرحدی پٹی، جزائر اور دیگر اہم دفاعی تنصیبات پر مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا اشتعال انگیزی کا بروقت اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیت اور سیکیورٹی انتظامات مکمل طور پر فعال ہیں اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ایرانی قوم اپنی مسلح افواج کی ثابت قدمی، قربانیوں اور وطن کے دفاع میں انجام دی جانے والی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کے درمیان اعتماد اور یکجہتی ایران کی قومی طاقت کا اہم ستون ہے، اور ملک کی سلامتی کے لیے سیکیورٹی ادارے پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔