ایران پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، دنیا خاموش نہ رہے: ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

تہران(کیو این این ورلڈ) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی منظرنامے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ایران سے دشمنی کی جرات کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک طویل بیان میں کہا کہ دنیا اگر بربریت اور تسلط کو مسترد کرتی ہے تو اسے ایران کے حق میں آواز بلند کرنا ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری عملی اقدامات کرے اس سے پہلے کہ جارح قوتیں دنیا کو لاقانونیت اور محکومیت کے اندھیروں میں دھکیل دیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر مسلط کی گئی جنگ محض زمین یا وسائل کی خاطر نہیں بلکہ یہ جنگ اچھائی اور برائی کے مفہوم کا تعین کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر بار بار حملے کرنے والے ہر جنگی قانون کی خلاف ورزی پر خوشیاں مناتے ہیں اور پرامن ایرانی قوم پر حملہ کرکے اپنے مقاصد کیلئے لوگوں کی جانیں لے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق حملہ آور خواتین کے اسپورٹس ہال تک پر میزائل برسا رہے ہیں تاکہ اپنی تباہ کن طاقت کا مظاہرہ کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب ایرانی عوام اور افواج ہر ممکن حد تک بے گناہ شہریوں کی جانیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ جنگ جھوٹ پھیلانے والوں اور اپنے وطن کا دفاع کرنے والے باوقار لوگوں کے درمیان ہے، اور ایسے حالات میں خاموشی اختیار کرنا بھی برائی کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔

علاوہ ازیں اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت جائیں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے