ملک بھر میں 74 لاکھ 70 ہزار جانور قربان: ٹینریز ایسوسی ایشن

کراچی (کیو این این ورلڈ) پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن نے رواں سال عیدالاضحیٰ پر ملک بھر میں ہونے والی قربانی کے باقاعدہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال قربانی کے رجحان میں 7.06 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس سال ملک بھر میں مجموعی طور پر 74 لاکھ 70 ہزار جانور قربان کیے گئے ہیں، جبکہ اس کے برعکس گزشتہ برس یہ تعداد 69 لاکھ 77 ہزار 565 ریکارڈ کی گئی تھی۔

ٹینریز ایسوسی ایشن کی رپورٹ میں جانوروں کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ رواں سال سب سے زیادہ بڑی تعداد بکروں کی قربانی کی رہی، جس کے مطابق ملک بھر میں 42 لاکھ بکرے، 27 لاکھ 50 ہزار گائیں اور بیل، 5 لاکھ بھیڑیں اور 25 ہزار اونٹ اللہ کی راہ میں قربان کیے گئے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی میں بھرپور حصہ لیا۔

رپورٹ میں کھالوں کی قیمتوں اور ان کی مجموعی مالیت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مارکیٹ میں اس سال بیل اور گائے کی کھال کی قیمت 2200 روپے، بکرے کی کھال 600 روپے، اونٹ کی کھال 2 ہزار روپے جبکہ بھیڑ کی کھال کی قیمت 100 روپے رہی۔ ٹینریز ایسوسی ایشن کے مطابق ان تمام جانوروں کی کھالوں کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 8 ارب 67 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جو ملکی چمڑے کی صنعت کے لیے ایک اہم خام مال ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے