سیالکوٹ کے لیے 1984 ملین کا ترقیاتی منصوبہ: معاشی مشکلات کے باوجود مریم نواز نے فنڈز مہیا کیے، خواجہ آصف

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے عدالت گڑھا، سیالکوٹ میں 1984 ملین روپے کی خطیر لاگت سے تعمیر ہونے والے ایک کلومیٹر طویل "فیض احمد فیض فلائی اوور” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس پروقار افتتاحی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر محنت محمد منشاء اللہ بٹ، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

افتتاح کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ یہ فلائی اوور شہر کی عوام کے لیے ایک عظیم اور اہم ترین سفری سہولت ثابت ہوگا، جس سے ٹریفک کے دیرینہ مسائل کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی پر وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دل سے شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیر دفاع نے شہر کے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا کہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر بہت جلد کام شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے تحت وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، ایمن آباد روڈ اور پسرور روڈ کو آپس میں لنک کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کھاریاں سے روات تک موٹروے کے 250 ارب روپے کے میگا پروجیکٹ کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او (FWO) کو دیا جا چکا ہے، جو خطے کی معاشی ترقی اور قومی دفاع کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔

خواجہ محمد آصف کا ماضی کا موازنہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیالکوٹ کو ماضی میں ریلوے کی برانچ لائن کا شہر کہا جاتا تھا، یہاں جی ٹی روڈ تو نہ آ سکی لیکن میاں محمد نواز شریف اس شہر کے لیے جدید موٹروے کا عظیم تحفہ لے کر آئے۔ انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہدایات دیں کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر تمام منظور شدہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔

میڈیا گفتگو کے اختتام پر وفاقی وزیر نے فلائی اوور کے نام کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ عظیم سپوتوں کی سرزمین ہے اور فیض احمد فیض اسی شہر کے مایہ ناز فرزند اور انقلابی شاعر تھے۔ اہلِ سیالکوٹ کی پرزور خواہش پر ہی اس فلائی اوور کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے کیونکہ جو قومیں اپنے قومی محسنوں کو بھول جاتی ہیں، تاریخ بھی انہیں ہمیشہ کے لیے فراموش کر دیتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے