ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر جواد اکبر)ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں سورج نے آگ برسانا شروع کر دی ہے، جس کے باعث آج دن بھر شدید گرمی اور لو کے جھکڑوں نے عوام کو گھروں میں محصور ہونے پر مجبور کر دیا۔ شدید ترین ہیٹ ویو اور موسم کی سنگینی کی وجہ سے بازار اور سڑکیں سنسان نظر آئیں اور کاروباری زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئی۔
علاقے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید ترین گرمی کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں دن کے وقت، خاص طور پر دوپہر ایک بجے سے تین بجے کے دوران درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا، جس نے پورے شہر کو تندور میں تبدیل کر دیا۔ شام کے وقت بھی گرم ہوا کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی اور درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ پر برقرار رہا۔
اس قیامت خیز گرمی اور تپش کے دوران بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور واپڈا گردی نے غریب شہریوں کو شدید ترین اذیت اور ذہنی کرب میں مبتلا کر دیا ہے۔ موجودہ حالات میں جہاں سولر بجلی کی سہولت رکھنے والے کسی حد تک محفوظ ہیں، وہیں وہ غریب شہری جن کے پاس یہ سہولت موجود نہیں، وہ تپتے ہوئے گھروں میں بلبلا اٹھے ہیں اور بجلی کی بندش کے خلاف دہائیاں دے رہے ہیں۔