آزاد کشمیر: رکشا حادثے میں اموات بڑھ کر 7 تک پہنچ گئیں

حویلی (کیو این این ورلڈ) آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 تک جا پہنچی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خورشید آباد کے علاقے میں ایک رکشہ گہری کھائی میں جا گرا تھا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 2 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔

آزاد کشمیر پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان میں سے مزید 5 افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد حادثے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پولیس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلع حویلی میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے حادثے کی مکمل رپورٹ بھی طلب کر لی ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے