وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا اچانک دورہ، صفائی اہداف میں کوتاہی پر زیرو ٹالرنس کا اعلان

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے فوکل پرسن برائے سُتھرا پنجاب عاصم محمود اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے ہمراہ گوجرانوالہ کی مختلف تحصیلوں کا اچانک دورہ کیا اور سُتھرا پنجاب کے تحت جاری صفائی آپریشنز، بیٹ پلان، فیلڈ مانیٹرنگ اور ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر نے کامونکی، تحصیل سٹی اور تحصیل صدر گوجرانوالہ میں سُتھرا پنجاب کی بیٹس کا معائنہ کیا اور صفائی انتظامات، ورکرز کی حاضری، فیلڈ مانیٹرنگ اور بیٹ پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحصیل مینجر کامونکی اور ایف ایم او کو برطرف کرنے کا حکم دیا، جبکہ ایم ڈی سُتھرا پنجاب ایجنسی گوجرانوالہ سمیت ڈسٹرکٹ اور تحصیل مینجرز کو کارکردگی بہتر بنانے کی وارننگ جاری کی۔

ذیشان رفیق نے کامونکی، سٹی اور صدر گوجرانوالہ کے کنٹریکٹرز کو بھی وارننگ دیتے ہوئے تینوں تحصیلوں میں بیٹ پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صفائی کے اہداف کے حصول میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ جو افسران اور ورکرز محنت سے کام کر رہے ہیں وہ ہمارے ہیروز ہیں، تاہم سستی اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے سُتھرا پنجاب کے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی سپاٹ چیکنگ بھی کی اور ایف ایم اوز کو ہدایت کی کہ صفائی ورکرز کی مؤثر نگرانی اور حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے شہریوں اور دکانداروں سے بھی صفائی کے انتظامات کے حوالے سے براہ راست فیڈبیک حاصل کیا۔

بعد ازاں ذیشان رفیق نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ضلع میں جاری صفائی آپریشنز اور سُتھرا پنجاب کے تحت اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ضلع کی تمام ایجنسیاں اپنے اپنے بیٹ پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

سموگ سیزن کی آمد کے پیش نظر صوبائی وزیر نے سڑکوں پر گرد اڑنے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی صفائی صرف مکینیکل سویپنگ کے ذریعے کی جائے۔ انہوں نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری ہدایات پر من و عن عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ سموگ کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ صفائی آپریشنز کے معیار، فیلڈ مانیٹرنگ اور ماحولیاتی تقاضوں پر کسی قسم کی غفلت یا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے