کیڈٹ کالج کی پیش رفت پر ملک دین خیل میں خوشی کی لہر، نوجوانوں کا منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر تعاون کا اعلان

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) زوان ملک دین خیل اتحاد کی کابینہ اور قوم کے نوجوانوں نے ملک دین خیل میں کیڈٹ کالج کے قیام کی پیش رفت کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا ہے۔

زوان ملک دین خیل اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک دین خیل میں کیڈٹ کالج کا قیام علاقے کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے معیاری تعلیم، نظم و ضبط، کردار سازی اور روشن مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ اتحاد کے مطابق یہ منصوبہ صرف تعلیمی میدان میں ہی اہمیت کا حامل نہیں بلکہ اس سے علاقے میں تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ زوان ملک دین خیل اتحاد کی کابینہ کے تمام ممبران اور قوم کے نوجوان اس اہم تعلیمی منصوبے کی تکمیل کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔ کیڈٹ کالج کے قیام کے لیے جو بھی ضروری اقدامات اور تعاون درکار ہوگا، قوم اس سلسلے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اتحاد نے واضح کیا کہ وہ کیڈٹ کالج کے قیام کے لیے زمین فراہم کرنے سمیت ہر ممکن قربانی اور تعاون کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی خواہش ہے کہ یہ اہم منصوبہ جلد از جلد عملی شکل اختیار کرے تاکہ ملک دین خیل کے بچوں کو اپنے ہی علاقے میں معیاری اور بہتر تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔

زوان ملک دین خیل اتحاد نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، متعلقہ اداروں، منتخب نمائندوں اور علاقے کے مشران سے اپیل کی کہ کیڈٹ کالج کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے اور اس کی تکمیل کے لیے ضروری انتظامی، تکنیکی اور مالی اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

اتحاد نے امید ظاہر کی کہ ملک دین خیل میں کیڈٹ کالج کا قیام آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی تعلیمی تحفہ ثابت ہوگا اور علاقے کی تعلیمی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ زوان ملک دین خیل اتحاد نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اس منصوبے کی تکمیل اور کالج کے قیام کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے