گھوٹکی(کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری): محتسبِ اعلیٰ سندھ سہیل راجپوت کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ سندھ گھوٹکی فضل محمد شیخ نے ضلعی اکاؤنٹس آفس میرپورماتھیلو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے دیرینہ مسائل اور شکایات پیش کیں۔
کھلی کچہری کے دوران ملازمین نے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر، پنشن کے معاملات، جنرل پروویڈنٹ (جی پی) فنڈ کی ادائیگی، مالی معاونت اور دیگر انتظامی و مالی نوعیت کے مسائل سے متعلق درخواستیں جمع کروائیں۔ ریجنل ڈائریکٹر فضل محمد شیخ نے شکایات کو تفصیل سے سنا اور موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اکاؤنٹس افسران کو مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ سندھ گھوٹکی فضل محمد شیخ نے کہا کہ محتسبِ اعلیٰ سندھ سہیل راجپوت عوام اور سرکاری ملازمین کو فوری، مؤثر اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد شہریوں اور سرکاری ملازمین کو ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر فورم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ براہِ راست اپنی شکایات پیش کر سکیں اور ان کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محتسبِ اعلیٰ سندھ کا ادارہ شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر قانون کے مطابق جلد از جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری یا سرکاری ملازم کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور جائز شکایات کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے شکایات کے ازالے اور مسائل کے حل کے لیے ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے دیرینہ مسائل جلد حل ہوں گے۔