میرپور ماتھیلو میں ٹریفک حادثہ، دودو مہر کا رہائشی نوجوان جان کی بازی ہار گیا

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو کے جروار روڈ پر نوری پمپ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق جروار روڈ پر نوری پمپ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دودو مہر کا رہائشی ضامن علی ولد زوار علی نائچ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر متوفی کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کی گئی، جہاں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

نوجوان کی لاش گاؤں دودو مہر پہنچنے پر گھر میں کہرام مچ گیا۔ اہل خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہوگئے، جبکہ نوجوان کی اچانک موت پر علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔

حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی کو اپنی تحویل میں لے کر میرپور ماتھیلو تھانے منتقل کردیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی کا مالک جروار روڈ نلکی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

واقعے کے حوالے سے انتظامیہ اور پولیس کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آسکا، جبکہ حادثے کی مزید تفصیلات اور ذمہ داری کا تعین متعلقہ حکام کی کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے