میہڑ میں دو مبینہ پولیس مقابلے، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے دو مختلف مقامات پر مقابلوں کے بعد دو خطرناک ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پہلے مقابلے میں تھانہ کھمبڑا پولیس کو اطلاع ملی کہ چار مسلح ملزمان بھارا اسٹاپ پر واردات کی نیت سے کھڑے ہیں۔ پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے شمن علی ابڑو نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں پستول سمیت گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

دوسرا مقابلہ تھانہ بی سیکشن کی حدود میں پیش آیا جہاں پولیس نے کندھ کوٹ کشمور روڈ پر کارروائی کی۔ یہاں بھی مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہمت علی چانڈیو زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ گرفتار ملزم کا تعلق قمبر شہدادکوٹ سے ہے اور وہ کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان چوری، رہزنی اور پولیس مقابلوں سمیت سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں جن کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے دونوں مقابلوں میں جرات کا مظاہرہ کرنے والی پولیس پارٹیوں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ ملزمان کے خلاف پولیس مقابلہ اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے