پنجاب میں دریائے چناب کیلئے فلڈ الرٹ جاری،سلال ڈیم کے گیٹس کھلنے سے دریائے چناب میں پانی بڑھنے کا خدشہ، انتظامیہ الرٹ
مرالہ بیراج پر اچانک پانی کی آمد کا خطرہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
لاہور(کیو این این ورلڈ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع اور اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ محکمہ آب پاشی کی جانب سے بھی ممکنہ فلڈ کے خدشے کے تحت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بھارت میں واقع سلال ڈیم کے سپل وے گیٹس 21 مئی صبح 9 بجے سے 30 مئی تک کھولے جائیں گے جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ پانی کی سطح 2 سے 3 میٹر تک بلند ہوسکتی ہے جس سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
مرالہ بیراج پر اچانک پانی کی آمد کے پیش نظر گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ سمیت متعدد اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی انتظامات مکمل رکھتے ہوئے حساس مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عمر جاوید نے تمام متعلقہ اضلاع میں کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے مکمل طور پر تیار رہیں۔
انہوں نے Rescue 1122، محکمہ آب پاشی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی اداروں کو الرٹ رہنے اور فوری رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی حکام کو بھاری مشینری، اضافی عملہ تعینات کرنے اور حفاظتی بندوں کا فوری معائنہ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں اور نہروں کے قریب جانے سے گریز کریں جبکہ مویشی پال حضرات بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی یا معلومات کیلئے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب بھارت کی جانب سے بھی دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اور دریا کے اطراف آباد لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔