سیالکوٹ: ترتیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے کا حکم

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ، ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی حنا ارشد وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کی۔ اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے شرکت کی، جہاں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل، متعلقہ محکموں کی کارکردگی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، سابق رکن قومی اسمبلی رانا شمیم احمد، اراکین صوبائی اسمبلی طارق سبحانی، چوہدری فیصل اکرام اور چوہدری نوید اشرف سمیت دیگر منتخب نمائندے اور ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی حنا ارشد وڑائچ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں مقررہ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ان کے حلقوں میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ہر مرحلے پر آگاہ رکھا جائے، تاکہ منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق مؤثر رابطہ برقرار رہے اور ان کی نگرانی بہتر انداز میں کی جا سکے۔

حنا ارشد وڑائچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے کے مختلف شعبوں میں بہتری اور ترقی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ترقیاتی سرگرمیوں میں عوامی ضروریات کو ترجیح دی جائے اور منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

اجلاس میں ضلعی سطح پر درپیش مختلف مسائل اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ شرکاء نے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی عملداری اور ضلع میں امن برقرار رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر امن و امان سے متعلق معاملات میں متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔

اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا، تاکہ عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔ شرکاء نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مختلف محکموں کے مابین تعاون کو فروغ دیا جائے اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق معاملات کو باہمی مشاورت کے ذریعے آگے بڑھایا جائے۔

اجلاس کا بنیادی مقصد ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے، ان کے معیار کو یقینی بنانے، عوامی مسائل کے حل کے لیے رابطہ کاری بہتر بنانے اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر متعلقہ اداروں کی توجہ برقرار رکھنا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے