گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی): گوجرانوالہ کے علاقے راہوالی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا مرکزی جلوس استانۂ عالیہ الحاج سائیں حبیب الرحمان نوشاہی کی قیادت میں نکالا گیا۔ جلوس مقررہ گزرگاہوں سے ہوتا ہوا واپس استانۂ عالیہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جس میں راہوالی کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلوس کے اختتام پر عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں گزرگاہوں کو خوبصورتی سے سجانے والے افراد کی سائیں سرکار الحاج حبیب الرحمان نوشاہی کی جانب سے دستار بندی کی گئی۔ اس موقع پر سائیں سرکار کے صاحبزادے فیض رسول نوشاہی نے بھی گزرگاہوں کو سجانے والے افراد کی دستار بندی کی۔
بعد ازاں میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی نسبت سے ضیافتِ میلاد کا اہتمام کیا گیا، جو رات گئے تک جاری رہی۔ اس موقع پر شرکاء نے عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیاں بھرپور عقیدت و محبت کے ساتھ منائیں۔ منتظمین کے مطابق استانۂ عالیہ پر عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے تمام امور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بخیر و خوبی انجام پائے۔