سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ)صوبائی وزیرِ محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کرتے ہوئے ری ویمپنگ منصوبے، ایمرجنسی وارڈ اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ری ویمپنگ کے بعد ہسپتال کا ایمرجنسی وارڈ فعال کر دیا گیا ہے جبکہ منصوبے کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے باقی ماندہ کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیرِ محنت نے اعلان کیا کہ ضلع کی تمام 13 سوشل سیکیورٹی ڈسپنسریوں کا سالانہ بجٹ بڑھا کر ڈیڑھ کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں اسٹروک انجکشن، کتے کے کاٹنے اور سانپ کے ڈسنے کی ویکسین ہر وقت دستیاب رکھی جائے، اسٹروک مریضوں کے علاج کے لیے میڈیکل اسپیشلسٹ کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور نیورو سرجن کی نئی آسامی بھی تخلیق کی جائے گی۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مزدوروں اور محنت کشوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔