ڈی جی خان: جاں بحق سینیٹری ورکر کے لواحقین سے افسران کی تعزیت، بیٹے کو نوکری کی یقین دہانی

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر جواد اکبر) ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت خدمات انجام دینے والے محنتی سینیٹری ورکر عبدالرشید گزشتہ روز ملتان روڈ پر دورانِ ڈیوٹی صفائی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے کہ ایک تیز رفتار ٹرک نے انہیں بے دردی سے ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم عبدالرشید کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے، جس میں سیاسی و سماجی شخصیت سردار اللہ نواز خان گوپانگ، ستھرا پنجاب کے افسرانِ بالا، ساتھی ملازمین، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کی۔

جنازے کے موقع پر ستھرا پنجاب کے اعلیٰ افسران نے خصوصی شرکت کی، جن میں تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ لغاری، ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ریجنل منیجر منصور ناگرہ اور کوآرڈی نیٹر عبداللہ عباسی شامل تھے۔ افسران نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر مالی امداد فراہم کی اور دلاسا دیا۔

افسرانِ بالا نے متاثرہ خاندان کی مستقل کفالت اور عملی تعاون کو یقینی بنانے کے لیے مرحوم کے بیٹے کو محکمہ میں ملازمت دینے کی باقاعدہ یقین دہانی بھی کرائی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مرحوم عبدالرشید ایک انتہائی دیانتدار، محنتی اور فرض شناس ملازم تھے جنہوں نے شہر کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا۔

تمام ساتھیوں اور شہریوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم عبدالرشید کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے