ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام پر عملدرآمد بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی سخت اور واضح ہدایات کی روشنی میں شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے صفائی آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسرانِ بالا کی نگرانی میں ورکرز روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی و ستھرائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن محسن ریاض اور تحصیل منیجر ملک ندیم کی زیرِ نگرانی شہر بھر میں خصوصی ڈیپ کلین آپریشن بھی کامیابی سے جاری ہے۔
اس ڈیپ کلین آپریشن کے دوران مرکزی شاہراہوں، مین بازاروں، گلی محلو ں اور نالیوں کی مکمل صفائی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے گھروں سے کوڑا کرکٹ کی ڈور ٹو ڈور کلیکشن، یونیورسٹیوں، کالجز، ہسپتالوں، پارکس، ریلوے اسٹیشن، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور تمام رہائشی کالونیوں میں صفائی کے خصوصی اور جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید برآں کنٹینرز کی بروقت صفائی، مشینی صفائی، سڑکوں کی مشینی دھلائی اور ٹی سی پی پوائنٹس کی خصوصی صفائی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہر کو ہر سطح پر صاف، شفاف اور خوبصورت شکل دی جا سکے۔ اس مسلسل آپریشن کے نتیجے میں شہر کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے شہریوں کا اس پروگرام پر اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ محسن ریاض اور کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام تکنیکی اور عملی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد صرف صفائی کرنا نہیں بلکہ ڈیرہ غازی خان کو حقیقی معنوں میں ’’ڈیرہ پھلا دا سہرا‘‘ بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ ایک عوام دوست پروگرام ہے جس کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔ عوام کی جانب سے ملنے والا بھرپور تعاون اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ایک مؤثر عوامی پروگرام بن چکا ہے۔ انتظامیہ اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ زیرو ویسٹ کا ہدف حاصل ہونے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔