سوئی (کیو این این ورلڈ)ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے فراری کمانڈر نور خان بگٹی نے اپنے ساتھیوں اور اہلخانہ سمیت وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ فراری کمانڈر نے پاکستان ہاؤس سوئی میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران سرینڈر کیا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ملک سے وفاداری کا باضابطہ حلف اٹھایا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق فراری کمانڈر نور خان بگٹی گزشتہ 20 سال سے پہاڑوں میں روپوش تھے اور متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ وہ اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت مجموعی طور پر 60 افراد کے ہمراہ قومی دھارے میں واپس لوٹے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سرینڈر کرنے والے فراری کمانڈر نور خان بگٹی اور ان کے اہلخانہ اب سوئی میں ہی مستقل طور پر آباد ہوں گے۔