اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)پاکستان نے جاپان اور بھارت کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان سے متعلق سرحد پار دہشت گردی (کراس بارڈر ٹیررازم) کے الزام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جاپانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق جاپانی سفیر کو ڈی مارش جاری کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف واضح کیا گیا اور مشترکہ اعلامیے میں پاکستان سے متعلق شامل کیے گئے نکات پر سخت اعتراض کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ جاپان کی پاکستان سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات بدستور قائم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اکثر ایسے مشترکہ اعلامیوں میں یکطرفہ مؤقف اور متنازع نکات شامل کرانے کی کوشش کرتا ہے۔
طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن ریاست کے طور پر بے پناہ قربانیاں دے چکا ہے اور کسی بھی قسم کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات اور مؤقف کے تحفظ کے لیے سفارتی سطح پر مؤثر انداز میں آواز اٹھاتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے جاپانی حکام پر واضح کیا ہے کہ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی معاملات کے حوالے سے حقائق پر مبنی اور متوازن مؤقف اختیار کرنا ضروری ہے، جبکہ بے بنیاد الزامات خطے میں اعتماد اور تعاون کی فضا کو متاثر کر سکتے ہیں۔
پاکستان نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جاپان مستقبل میں ایسے معاملات پر متوازن اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرے گا اور دوطرفہ تعلقات کے مثبت تسلسل کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔