مذاکرات سبوتاژ ہوئے، مجبوراً خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا فیصلہ کیا: شہباز شریف

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ معاملات بہتر بنانے کے لیے ڈھائی سال تک ہر ممکن کوشش کی، تاہم اتفاق رائے کے بعد مذاکرات کو سبوتاژ کیا گیا۔ ان کے بقول حکومت کے لیے اب نہیں تو کبھی نہیں والی صورت حال پیدا ہوگئی تھی، جس کے باعث مجبوراً گورنر راج کا فیصلہ کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ معاملات بہتر بنانے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کی گئیں۔ مذاکرات میں معاملات طے ہونے کے قریب تھے، لیکن آخری مرحلے پر پی ٹی آئی کے وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ اسے صوبائی حکومت سے بات کرنا ہوگی، جس کے بعد تمام معاملات خراب ہوگئے۔

وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ شاید پی ٹی آئی کے وفد کو وہاں سے ایک اور 9 مئی کرنے کا حکم ملا تھا، جس کے باعث مذاکرات سبوتاژ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ فیصلہ کن مرحلہ تھا اور حالات کے پیش نظر مجبوراً گورنر راج کا فیصلہ کرنا پڑا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں کے خلاف ایک لفظ بولنے کو تیار نہیں۔ ان کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، جبکہ سہیل آفریدی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم نے سابق وزیراعلیٰ کے طرزِ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح کی باتیں کیں، وہ کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دہشت گردوں کو خیبرپختونخوا میں لایا گیا اور پی ٹی آئی حکومت آنے کے بعد سوات میں دہشت گرد دوبارہ آنا شروع ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ترقی کے سفر کو روکنے پر تلی ہوئی تھی اور یہ لوگ آج تک ڈی چوک سے باہر نہیں نکلے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کی خوشحالی اور امن کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ ان کے مطابق سیاست دانوں نے بھی امن کے قیام کے لیے قربانیاں دیں، جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا میں امن قائم ہوا تھا۔

وزیراعظم کے خطاب میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورت حال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت کے تعلقات نمایاں رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے