ڈسکہ کے نواز شریف سٹیڈیم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف مدثر رتو)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے ڈسکہ کے نواز شریف سٹیڈیم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین سمیت تمام متعلقہ ریونیو اور ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں کی شکایات اور مسائل براہ راست سنے اور مختلف درخواستوں پر متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ شہریوں کی جانب سے ریونیو، پولیس، لینڈ ریکارڈ، گیپکو، صفائی ستھرائی، تجاوزات اور دیگر انتظامی امور سے متعلق مسائل اور شکایات پیش کی گئیں۔

بعض درخواستوں پر کمشنر محمد علی نے ڈی ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کو سماعت کے بعد صرف دو گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، تاکہ شہریوں کے مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو اور شکایات پر فوری پیش رفت یقینی بنائی جاسکے۔

کھلی کچہری کے دوران ایک شہری نے محلہ رحمن پورہ میں گندگی اور صفائی کے ناقص انتظامات کی شکایت بھی پیش کی۔ کمشنر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ستھرا پنجاب کی ٹیم کو موقع پر روانہ کرنے اور صفائی کے بعد کارروائی کی ویڈیوز بھیجنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے کہا کہ کھلی کچہری میں آنے والے تمام شہریوں کو سنا گیا ہے اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر شکایات کے فوری ازالے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

کمشنر محمد علی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ متعلقہ افسران کو شہریوں کی شکایات پر بروقت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے