راکھی گاج میں بریک فیل ہونے سے موٹر سائیکل کھائی میں جا گری، 3 نوجوان زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

ڈیرہ غازی خان(کیو این این ورلڈ) سخی سرور کے رہائشی قوم پاولی سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان راکھی گاج چیک پوسٹ کی حدود میں موٹر سائیکل کا بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئے۔ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر سڑک کے قریب گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں تینوں نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ حادثے میں تینوں نوجوانوں کو ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی ٹانگوں میں فریکچر ہوا ہے، جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی بارڈر ملٹری پولیس کے لائن آفیسر صفدر نعیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ انہوں نے حادثے کا شکار نوجوانوں کو فوری طور پر سرکاری گاڑی کے ذریعے سخی سرور پہنچایا، جہاں انہیں ریسکیو 1122 کے حوالے کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ٹراما سنٹر منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں زخمیوں کی ٹانگوں میں فریکچر کی اطلاعات ہیں جبکہ ایک نوجوان کی حالت زیادہ تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ نئے تعینات ہونے والے بارڈر ملٹری پولیس کے لائن آفیسر صفدر نعیم تھانوں کی ڈیوٹیاں چیک کرنے اور علاقے میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ میں موجود تھے کہ اسی دوران راکھی گاج میں حادثے کی اطلاع ملی۔ انہوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کی بروقت منتقلی اور امدادی کارروائی کو یقینی بنایا، جس سے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں مدد ملی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے