مشرق وسطیٰ بحران: خام تیل کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

(کیو این این ورلڈ) مشرق وسطیٰ میں مسلسل بڑھتی ہوئی شدید کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی عالمی قیمتیں 107 ڈالر فی بیرل کی سطح بھی عبور کر گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 6.3 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی خریدو فروخت 107.63 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔

دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت 6.7 فیصد کے اضافے کے ساتھ 103.82 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جو کہ رواں برس مئی کے وسط کے بعد اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔

تیل کی قیمتوں میں اس اچانک اور بڑے اضافے کی بنیادی وجہ خطے کی سیاسی اور دفاعی صورتحال ہے۔ یمن میں حوثی جنگجوؤں کی جانب سے اہم بندرگاہی شہر موخا کا کنٹرول حاصل کرنے اور آبنائے ہرمز میں مزید تجارتی و بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

عالمی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر کی اہم شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے خطرات کے باعث دنیا بھر میں توانائی کی در آمدات اور سپلائی کی فراہمی شدید متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جس سے آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے