اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن نے خطے کے مسلم ممالک میں تقسیم پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے کی اس سازش کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ناکام بنا دیا گیا۔
قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان تاریخی مکہ دفاعی معاہدہ ہوا ہے، جو باہمی تعاون اور مسلم امہ کے اتحاد کی اہم مثال ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ امن دشمن عناصر مسلم ممالک کے درمیان نفرت اور تقسیم پیدا کرنے میں ناکام رہے، جبکہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پوری قوم متحد تھی اور ملک کے دفاع کے لیے یکجا ہوکر کھڑی ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترکیے اور سعودی عرب ایسے برادر ممالک ہیں جنہوں نے مشکل اور اچھے، دونوں وقتوں میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے قومی سیرت کانفرنس کی روایت کو زندہ رکھنے پر علمائے کرام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا عظیم اجتماع اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہم ایک ملت ہیں اور باہمی اتحاد ہی ہماری قوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل پوری قوم کی امیدوں کا مرکز ہے، ہم جیسی نسل تیار کریں گے، ویسا ہی ہمارا مستقبل ہوگا۔ نوجوانوں کی تربیت سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات، امن، محبت، برداشت اور اتحاد کے اصولوں کے مطابق کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔