امریکہ کی بحری ناکہ بندی فوری ختم، عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل بحال، صدر ٹرمپ کا تاریخی اعلان

واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم پاکستان کے اعلان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی امن معاہدہ مکمل ہونے کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ امریکی صدر نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو فوری طور پر تمام تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولنے اور ایران پر عائد بحری ناکہ بندی کو فی الفور ختم کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری کردہ خصوصی بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد امن معاہدہ مکمل ہو گیا ہے اور دونوں ممالک نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر ہر قسم کی فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر مکمل اتفاق کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں پوری دنیا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ مکمل ہو چکا ہے، اب دنیا بھر کے بحری جہاز اپنی منزل کی طرف روانہ ہوں اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی روانی کو شروع کیا جائے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق، اس تاریخی معاہدے کے تحت سٹرٹیجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کو بغیر کسی معاوضے کے اور مکمل طور پر بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا جائے گا جبکہ امریکی فوج اپنی بحری ناکہ بندی فوری طور پر ہٹا رہی ہے۔ اس اہم پیش رفت کے بعد دنیا بھر کے تجارتی اور مال بردار بحری جہازوں کے لیے بند راستے کھل گئے ہیں، جس سے عالمی تجارت بالخصوص خام تیل کی بین الاقوامی ترسیل کی بحالی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔

بین الاقوامی ذرائع کے مطابق، دونوں ممالک کے مابین طے پانے والا یہ معاہدہ ایک ابتدائی فریم ورک کا حصہ ہے، جس کے تحت آئندہ چند روز کے دوران ثالثی کرنے والے ممالک کی نگرانی میں تکنیکی مذاکرات اور معاہدے پر عمل درآمد کے دیگر اہم مراحل طے کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ اور حتمی تقریب سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی، جسے عالمی سطح پر ایک بہت بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے