رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) چوچک پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا ہے، جس کے دوران کراس فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ڈاکو کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او چوچک پولیس رؤف اسماعیل نے بتایا کہ پولیس ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ اختر آباد سے چک 4 جی ڈی روڈ پر اسلام پورہ پل برساتی نالہ کے قریب ڈاکوؤں سے سامنا ہو گیا۔ اس دوران دونوں طرف سے کراس فائرنگ شروع ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ٹانگ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جسے پولیس نے موقع پر ہی حراست میں لے لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت منیر عرف موہنی ولد نور قوم کھچی سکنہ سید والہ ضلع ننکانہ کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزم رابری، ڈکیتی اور مویشی چوری سمیت سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ موقع سے فرار ہونے والے دیگر دو ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔