ایس ایس پی انور کھتران کا کہنا ہے کہ لگتا ہے ڈرون کا تجربہ ڈاکوؤں نے کیا ہے

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار: مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کے رونتی کچے کے گاؤں چھلو شر میں گزشتہ شب ایک گھر پر مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک کمسن بچی جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہلِ خانہ اور مقامی افراد شدید صدمے سے دوچار ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ رات کے وقت پیش آیا جب اہلِ خانہ اپنے گھر میں سو رہے تھے۔ متاثرہ خاندان کے افراد کا کہنا ہے کہ اچانک ایک زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گھر کا ایک حصہ متاثر ہوا اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے میں مسمات سومری شر اور کمسن بچی ریحانہ شر جاں بحق ہو گئیں۔

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں مسمات لطیفاں شر اور ایک معصوم بچی لطیفاں شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے رونتی تھانے منتقل کیاگیا۔ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ دھماکے اور مبینہ ڈرون حملے کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔

ایس ایس پی گھوٹکی انور کھتران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ڈاکوؤں کی جانب سے ڈرون کے استعمال کا ناکام تجربہ ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق بظاہر یہ ڈاکو بخت شر اور رانو شر گروپ سے منسلک عناصر کا ناکام ڈرون معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی حقائق مکمل تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سرگرمیوں میں بھی تیزی آ گئی ہے۔ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی اور واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

مقامی افراد اور متاثرہ خاندان کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور فوری تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی فرد، گروہ یا ادارے کی غفلت یا ذمہ داری ثابت ہوتی ہے تو قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے