اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)پاکستان نے نورستان میں مبینہ تشدد سے متعلق افغان طالبان رجیم کے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔
وزارت اطلاعات نے افغان طالبان رجیم کے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ وزارت کی جانب سے جاری فیکٹ چیک میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان سکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
وزارت اطلاعات کے بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کی اندرونی جھڑپوں میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کیے جاتے ہیں، جبکہ سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کو بھرتی یا تربیت دینے کے الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔
پاکستان نے داعش یا کسی دہشت گرد گروہ کو سہولت فراہم کرنے کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف الزامات کے ثبوت پیش نہیں کیے گئے اور نہ کسی فرد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد سامنے آئے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا کی مبینہ ویڈیو میں چند غیر مسلح افراد دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں افراد مناسب لباس یا سازوسامان سے بھی لیس نہیں اور ویڈیو افغان طالبان رجیم کی جانب سے طے شدہ انداز میں بنائی گئی لگتی ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی عالمی رپورٹس میں سامنے آئی ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹس میں بھی افغان دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پاکستان سے تعلق جوڑنے کی کوششیں افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی موجودگی نہیں چھپا سکتیں۔